جمہوریہ کانگو میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے مشن (مونوسکو) کے امن کار ملک کو عدم تحفظ، جنگ اور انسانی بحران پر قابو پانے میں مدد دے رہے ہیں۔ مونوسکو 2010 میں تشکیل دیا گیا تھا جس نے 1960 سے ملک میں امن کے لیے جاری اقوام متحدہ کی کارروائیوں کی جگہ لی۔
اس مشن کی ذمہ داریوں میں شہریوں کو تحفظ کی فراہمی، امدادی اداروں اور کارکنوں کو اپنے کام میں مدد دینا اور جمہوریہ کانگو کی حکومت کو ملک میں استحکام لانے اور امن کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں تعاون مہیا کرنا شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے امن کار سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور شہریوں بالخصوص بے گھر لوگوں کے کیمپوں میں رہنے والوں کا تحفظ یقینی بنا کر امدادی کوششوں میں مدد دیتے ہیں۔
کانگو کی مسلح افواج کے اہلکاروں کو اقوام متحدہ کے امن کاروں کے ساتھ تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ ملک کے مشرقی علاقے میں سلامتی کے مسائل پر بہتر طور سے قابو پا سکیں۔