انسانی کہانیاں عالمی تناظر

لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے نئے نمائندے کا ملک میں استحکام لانے کا عزم

لیبیا کے دارالحکومت ٹریپولی کا ایک منظر۔
© UN Photo/Abel Kavangh
لیبیا کے دارالحکومت ٹریپولی کا ایک منظر۔

لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے نئے نمائندے کا ملک میں استحکام لانے کا عزم

امن اور سلامتی

لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی نئی نمائندہ خصوصی ہانا ٹیٹے نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ملک میں اقوام متحدہ کے زیرقیادت ثالثی کی کوششوں اور بحران کو حل کرنے کے لیے لیبیا کے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2755 (2024) کی مطابقت سے ملک میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام سیاسی ثالثی کے لیے اپنے پیشروؤں اور ساتھیوں کے کام کو آگے بڑھائیں گی۔ اس حیثیت میں کام کرتے ہوئے وہ لیبیا کے لوگوں کے لیے اور انہی کے زیرقیادت ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور  سلامتی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے طریقے تلاش کریں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ لیبیا میں سیاست اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تمام فریقین کے ساتھ فعال طور پر کام کیے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا۔ ان میں اکابرین، خواتین، نوجوان، مقامی برادریاں اور مختلف ثقافتی پس منظر سے رکھنے والے گروہ شامل ہیں جو اس متحرک و متنوع قوم کی عکاسی کرتے ہیں۔

عوام کی مرکزی اہمیت

ہانا ٹیٹے نے کہا کہ وہ مشن میں اپنے ساتھیوں کے تعاون سے لیبیا کے لوگوں کے نقطہ ہائے نظر معلوم کرنے اور ان کے خدشات کو سمجھنے کی کوشش کریں گی تاکہ ان کی آوازوں کو سنا جائے اور مستقبل کے لیے ان کی امیدوں میں اضافہ ہو سکے۔ اس تمام طریقہ کار میں لیبیا کے عوام کو ہی مرکزی اہمیت حاصل ہو گی۔

خصوصی نمائندہ نے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں علاقائی اور بین الاقوامی کرداروں کے ساتھ بھی کام کریں گی تاکہ لیبیا کے سیاسی کرداروں کو قومی اتحاد، ملکی سالمیت اور خودمختاری قائم رکھنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں اقوام متحدہ کا مشن (یو این ایس ایم آئی ایل) لیبیا کے اداروں کو مدد دینے، انہیں مشمولہ قومی انتخابات منعقد کرانے کے قابل بنانے اور ملک کو طویل عرصہ سے درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی قومی نظر کی تشکیل کا کام جاری رکھے گا۔ یہ کام آسان نہیں ہو گا لیکن باہم مل کر چلنے کی صورت میں سب کچھ ممکن ہے اور وہ ملک میں امن و استحکام کی خاطر کام کرتے ہوئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گی۔

ہانا ٹیٹے نے خوشحال، مستحکم اور جمہوری لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے غیرمتزلزل عزم کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ لیبیا کو ایسا ملک ہونا چاہیے جہاں تمام لوگوں کو مواقع میسر آئیں اور وہ عالمی منظرنامے پر اپنا مثبت کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے لیبیا اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا۔