انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ میں جنگ بندی نے لوگوں کو بہتر مستقبل کی امید دلائی، ایمی پوپ

عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ غزہ کے علاقے خان یونس کے دورہ کے دوران۔
UN News
عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ غزہ کے علاقے خان یونس کے دورہ کے دوران۔

غزہ میں جنگ بندی نے لوگوں کو بہتر مستقبل کی امید دلائی، ایمی پوپ

امن اور سلامتی

عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ نے کہا ہے کہ غزہ میں بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جہاں لوگ بہتر مستقبل اور جنگ بندی جاری رہنے کے خواہش مند ہیں۔

غزہ کے دورے میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار محمد ہادی کے ساتھ یو این نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جنگ بندی کے بعد علاقے میں ان کا دوسرا دورہ ہے اور اس دوران انہوں نے لوگوں کے چہروں پر مثبت تاثرات دیکھے ہیں۔ انہیں جنگ بندی کی صورت میں بہتر مستقبل کا موقع میسر آیا ہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

لوگوں نے اپنی زندگیوں کی تعمیرنو شروع کر دی ہے لیکن وہ علاقے میں جلد ا زجلد بحالی اور ترقی چاہتے ہیں۔ یہ لوگ محض انسانی امداد پر انحصار کرنا نہیں چاہتے۔ انہیں مستقل جنگ بندی درکار ہے تاکہ وہ کم از کم جنگ سے پہلے جیسے حالات میں جی سکیں۔ غزہ کے لوگ جانتے ہیں کہ تعلیم بہت اہم ہے اور تعلیم کے بغیر ان کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

ایمی پوپ نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) کے سکولوں کو دوبارہ فعال ہونا چاہیے۔ بچوں کو تعلیم ملنی چاہیے اور غزہ کے تمام بچوں کو اپنے بہتر مستقبل کی خاطر رسمی تعلیم تک رسائی ہونی چاہیے۔

'آئی او ایم' کے امدادی اقدامات

ایمی پوپ نے کہا کہ غزہ میں جنگ سے تباہ حال لوگوں کو سخت سردی سے تحفظ حاصل نہیں ہے۔ علاقے میں بنیادی ڈھانچے اور خدمات کا وجود باقی نہیں رہا اور ملبے پر مقیم لوگوں کو اپنے مستقبل کے حوالے سے غیریقینی کا سامنا ہے۔

والدین عارضی پناہ گاہوں میں اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کی جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ وہ کہیں اور نہیں جا سکتے۔ اسی لیے انہیں بحالی اور غزہ کے اندر وقار اور تحفظ سے زندگی گزارنے کا موقع دینے کی ضرورت ہے جس کے وہ حق دار بھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 19 جنوری کے بعد 'آئی او ایم' نے غزہ میں 325,000 خیمے، پینے کا صاف پانی، صحت و صفائی کی سہولیات اور غیرغذائی امدادی اشیا مہیا کی ہیں۔ اکتوبر 2023 کے بعد ادارہ غزہ میں اپنے شراکت داروں کے تعاون سے لوگوں کو ضروری مدد مہیا کرنے کے لیے متواتر اپنی مہارتوں سے کام لیتا آٰیا ہے۔